پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جہازوں کی مرمت کے ایشیا کے سب سے بڑے ادارے اصفہانی ہینگر کی نیلامی کی تیاری ہورہی ہے۔
ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ اصفہانی ہینگر حکومت کو کروڑوں روپے کا منافع دے رہا ہے، اس کی نجکاری سے ملکی جہازوں کی مرمت کروڑوں روپے میں کروانی پڑے گی۔
سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تباہی سرکار پی آئی اے کے اثاثے اپنے دوست احباب کو بیچ رہی ہے، روز ویلیٹ ہوٹل کی طرح اصفہانی ہینگر کی بھی بندر بانٹ کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تباہی سرکار اسلام آباد سے کراچی تک ملکی ادارے بیچنے کے اشتہار دے رہی ہے، اپنے من پسند لوگوں کو فائدہ دینے کے لیے ملکی اداروں کی لوٹ سیل لگائی جارہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ تباہی سرکار اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے ادارے بیچ رہی ہے، پی آئی اے کے اصفہانی ہینگر کی نیلامی نہیں ہونے دیں گے۔
Comments are closed.