وفاقی وزیر اسد عمر نے صوبائی انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس ہوا۔
این سی او سی کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر، شادی کی تقریبات، ریسٹورنٹس، کمرشل سرگرمیوں میں بڑی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے حوالے سے کل این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوگا، جس میں بڑھتے ہوئے کوروناکیسز اور ایس او پیز پر عملدر آمد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
این سی او سی کے خصوصی اجلاس میں آکسیجن بیڈ، وینٹی لیٹرز اور دیگر میڈیکل سہولیات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں خطرناک حد تک بڑھتےکورونا کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور کمشنر اسلام آباد اجلاس میں ویڈیو لنک سے شریک ہوں گے، جبکہ صوبائی سیکرٹریز صحت بھی اس خصوصی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ 50 سے 60 سال کے افراد کے لیےکورونا وائرس کی ویکیسینیشن 30 مارچ سے شروع ہوگی۔
Comments are closed.