بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایسے لوگوں کو لانا ہے جو عوام کی بہبود کیلئے کام کریں، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جو لوگ پیسے سے آتے ہیں ان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، ایسے لوگوں کو لانا چاہتے ہیں کہ جو عوام کی بہبود کے لیے کام کریں۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈیم ایم والے پاکستانی سیاست میں پیسے سے ضمیر خریدنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جو لوگ پیسے سے آتے ہیں ان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ذاتی مفاد کے لیے ایسی قوتیں پارلیمنٹ کا استعمال کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس ملک میں جمہوریت اور شفافیت چاہتے ہیں، عمران خان اور ہماری حکومت فرسودہ روایات کو ختم کرے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت سینیٹ میں اہلیت کے مطابق اپنے لوگ لانا چاہتی ہے، ایسے لوگوں کو لانا ہے جو عوام کی بہبود کے لیے کام کریں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ انشا اللّٰہ حق پر فیصلہ دے گی، اندھیری قوتوں کا ساتھ دینے والوں سے تاریخ حساب لے گی۔

انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ کا سسٹم لا رہے ہیں۔

اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو چار حلقے نہیں کھولنا چاہتے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ڈسکہ میں 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا چیلنج قبول کیا۔

انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جب الیکشن ہو جائے تو کوئی انگلی نہ اٹھائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف شفافیت پر مبنی الیکشن چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قول و فعل میں تضاد نہ ہو۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.