بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایجبسٹن ٹیسٹ: جانی بیئرسٹو اور ویرات کوہلی میں لفظی جنگ

کھلاڑی آپس میں اچھے دوست لیکن میدان میں ایک دوسرے کے دشمن بنے دکھائی دیتے ہیں جس کا عکس بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوران بھی نظر آیا۔

ایجبسٹن ٹیسٹ کے دوران اُس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب انگلینڈ کے بیٹر جانی بیئرسٹو اور بھارتی فیلڈر ویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی۔ 

غیر ملکی چینل کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر اس ویڈیو میں دونوں کے درمیان ہوئی لفظی جنگ کو سنا بھی جاسکتا ہے۔ 

ویرات کوہلی ویڈیو میں جانی بیئرسٹو کو کریز میں کھڑے رہنے کا اشارہ کر رہے ہیں جبکہ ہونٹوں پر انگلی رکھ کر بیئرسٹو کو خاموشی کیساتھ کھیلنے کا کہہ رہے ہیں جبکہ بیئرسٹو بھی ویرات کے رویے کا بھرپور انداز میں جواب دے رہے ہیں۔  

خیال رہے کہ جب دونوں کے درمیان یہ لفظی جنگ شروع ہوئی تو اس وقت بیئرسٹو 13 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے اور انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار تھی۔ 

تاہم پھر انگلش بلے باز نے اپنے کیریئر کی 11ویں سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو کچھ حد تک مشکلات سے نکالنے میں مدد کی۔ 

وہ 140 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 106 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور ٹیم کو فالو آن سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 416 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 284 رنز بناسکی تھی۔

میچ میں اِس وقت بھارت کی پوزیشن مستحکم دکھائی دیتی ہے جسے مجموعی طور پر 220 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.