اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر دنیا نے طالبان حکومت کو تسلیم نہ کیا تو مسائل پیدا ہونگے، عالمی برادری نے افغان طالبان کی مدد نہ کی تو افغانستان بین الاقوامی دہشت گردوں کے لیے ایک دفعہ پھر محفوظ پناہ گاہ بن جائے گا۔
اقوام متحدہ ( یو این ) کی جنرل اسمبلی سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری طالبان حکومت کو مضبوط بنائے، دنیا نے اگر افغان طالبان سے گفتگو کا سلسلہ شروع نہ کیا تو افغانستان ایک بار پھر غیر مستحکم اور افراتفری کا شکار ہوگا،عالمی برادری افغان طالبان سے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے اور اُن کی مالی امداد کرے۔
عمران خان نے کہا کہ افغانستان کو نظر انداز کرنے سے انسانی بحران پیدا ہوگا،جس کے اثرات اطراف کے پڑوسی ممالک پر بھی پڑے گا،اگر عالمی برادری ان کی حوصلہ افزائی کرے گی تو دنیا میں ہر ایک کی جیت ہوگی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتاہے،5اگست 2019سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کا راج ہے،جموکشمیر تنازعہ خودساختہ حل کی طرف بڑھ رہاہے۔
عمران خان نے سید علی گیلانی کی تدفین شہدا قبرستان میں کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن کا خواہش مند ہے،جنوبی ایشیا میں امن کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے حل میں ہے۔
Comments are closed.