بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جماعت اسلامی کراچی کے تحت مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے

کراچی: امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک میں کمر توڑ مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گلشن اقبال مسجد بیت المکرم کے باہر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل میں کمر توڑ مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئی ایم ایف کی ایماء پر مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ کیا جاتا ہے اورڈالروں کی قیمت بڑھائی جاتی ہے، حکمران جماعتیں مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، کراچی میں سینکڑوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں اور مسجد بیت المکرم کے سامنے علامتی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف تحریک کو آگے بڑھایا جائے گا اور آئندہ دنوں میں اسلام آباد کی طرف بڑے مارچ کا اعلان کیا جائے گا، موجودہ وزیر اعظم کہا کرتے تھے کہ جب پیٹرول کی قیمت بڑھ جائے تو اس کا مطلب ہے کہ ملک کا وزیر اعظم اور وزیر خزانہ چور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم کہا کرتے تھے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے قرضہ کی رقم میں اضافہ ہوجاتا ہے، حکومت میں آنے کے بعد گزشتہ 3سال میں جتنا مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے وہ گزشتہ 10سال میں بھی نہیں ہوا، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف اور صرف ٹیکس وصول کرنے کی وجہ سے کیا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکمران جاگیردار،وڈیروں اور چینی و آٹا مافیا سے ٹیکس وصول نہیں کرسکتے اس لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں، وفاق اور صوبہ دونوں مل کر عوام سے ٹیکس وصول کرنے کے لیے متفق ہیں اور دن بدن مہنگائی میں اضافہ کررہے ہیں، سندھ حکومت بجلی اور گیس کے بلوں میں بلدیاتی ٹیکس لگا کر کراچی کے عوام کو مزید لوٹنا چاہتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی سندھ کو 95فیصد بجٹ دیتا ہے اس کے باوجود سندھ حکومت کراچی کو کچھ نہیں دیتی، گزشتہ روز کی بارش نے واضح کردیا کہ سندھ حکومت کراچی سے کتنی دلچسپی رکھتی ہے، کراچی میں تین کروڑ سے زائد لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام موجود نہیں ہے، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کے 365بسیں فراہم کیں اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اسد عمر ارسطوبنے پھرتے ہیں انہیں نہیں معلوم کے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ بڑھتا ہے، موجودہ وزیر اعظم نے آج تک اپنے ذاتی پیسوں سے پیٹرول نہیں ڈلوایا،انہیں کیا معلوم کے پیٹرول کی قیمت میں اضافے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، گزشتہ حکومتوں میں اور موجودہ حکومت میں کوئی فرق نہیں،وزیر اور مشیر گزشتہ حکومتوں کے ہی ہیں، حکمران آئی ایم ایف کے کہنے پر قیمتیں بڑھاتے ہیں اور ملک کو مزید قرضوں میں ڈال کر خود اپنا بنک بیلنس بڑھاتے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.