بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اپوزیشن لیڈر کے طے شدہ معاملے میں غلطی ہوگئی، سینیٹر کامران مرتضی

رہنما جمعیت علمائے اسلام ف سینیٹر کامران مرتضی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے طے شدہ معاملے میں غلطی ہوگئی ہے، غلطی ہوجائے تو اس کا مداوا کرنے سے معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

جیو نیو ز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں جو دھڑے بندی نظر آرہی ہے کوشش کر رہے ہیں وہ ختم ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین عوامی مفاد کا معاملہ ہے، جسے گزشتہ روز ہم سینیٹ میں لائے۔

سینیٹ میں حکومت کو شکست، کوورنا ویکسین مفت یا اصل قیمت پر فراہمی سے متعلق اپوزیشن کی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی گئی۔

کامران مرتضی نے کہا کہ کورونا کے خوف میں ویکسین پر پیسے کمانا بڑی چھوٹی سی حرکت ہے، جو ویکسین 1500 روپے میں آرہی ہے اس کا ریٹ حکومت نے 8400 روپے مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں کورونا ویکسین مفت یا اصل قیمت پر فراہمی سے متعلق اپوزیشن کی قرارداد اکثریت سے منظور کی گئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ تمام ممالک میں شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے، اکثر ممالک میں ویکسین فری لگائی جارہی ہے، جبکہ پاکستان میں ویکسینیشن بہت مہنگی ہے۔

متن میں تحریر تھا کہ پاکستان نے ویکسین منگوانے کیلئے پرائیوٹ کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہوا ہے،ملک میں ویکسین کی قیمت 8400 روپے ہے، دیگر ممالک میں ویکسین کی قیمت 1500 روپے ہے، یہ آئین کے آرٹیکل 38 کی خلاف ورزی ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آرٹیکل 38 میں واضح ہے ریاست اپنے شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرے،عالمی منڈی 1500جبکہ یہاں 2 خوراکوں کی قیمت 8400 مقررکی گئی ہے، حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.