بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

اپوزیشن آج پھر ناکام اور نامراد ہونے جا رہی ہے: فردوس عاشق اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن آج پھر ناکام اور نامراد ہونے جا رہی ہے کیونکہ  پنجاب کے عوام کی فلاح کے لیے بنایا گیا بجٹ آج منظور ہونے جا رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کوئی ایک اپوزیشن ممبر بجٹ بحث میں تعمیری کردار ادا نہ کر سکا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ بجٹ پنجاب کے عوام کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے لیکر آ رہا ہے، بجٹ ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرے گا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کررہی ہے، انشاء اللہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بون میروٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بجٹ منظور کروانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جبکہ اپوزیشن پورے بجٹ میں ایک بھی خامی نہیں نکال سکی۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پر انگلیاں اٹھانے والوں کو اہمیت نہیں دیتے، ہمیں کرسی اور عہدے کے تقدس کا احترام کرنا چاہیے، سب کو سینے سے لگانا اور دادرسی کرنا اسپیکر کا کام ہوتا ہے، اسپیکر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ  اپوزیشن کو ناکوں چنے چبوا کر چاروں شانے چت کر دیا، ہم نے جواب دے کر سیاسی بونوں کا قد اونچا نہیں کرنا۔

مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جعلی صادق و امین کا لقب پانے والے وزیراعظم مافیا کا سرغنہ ثابت ہوئے، مافیا کی سرپرستی کرنے پر عمران خان کا نام جلد گنیز ورلڈ بک میں شامل ہو جائے گا، آٹے چینی سے لے کر رنگ روڈ تک ہر جگہ عمران خان نے اپنے نام کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بیان سے ثابت ہو گیا کہ نواز شریف تندرست ہیں، یہ لوگ سیاست کے کھلاڑی نہیں بلکہ اپنے خاندان کے تحفظ کا کام کر رہے ہیں، عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے ان کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں جہاں ان کے کاروبار تھے وہاں انہوں نے مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ ہی نہیں کیا، کیسا حسین اتفاق ہے کہ اربوں روپوں کی ٹرانزیکشن ہوئی اور انہیں خبر نہ ہوئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.