پاکستان کرکٹ کے سپر اسٹار آل راؤنڈر شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وہ اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنی کارکردگی سے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔
پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے پاکستان کے میدانوں میں ہونے جارہا ہے، جس کے لیے تمام ہی کھلاڑی پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
ایسے میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اس مرتبہ اپنی کارکردگی سے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔
پی ایس ایل کے آغاز سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ہر کوئی پُرجوش ہے۔
انھوں نے کہا کہ کرکٹرز ایکشن کے لیے جبکہ فینز اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ لیگ نوجوان ٹیلنٹ کے لیے کافی اہم ہے، پاکستان کو اس لیگ کی وجہ سے بہت ٹیلنٹ ملا۔
دنیا کی کسی بھی لیگ سے موازنہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے دنیا بھر میں لیگ کھیلی، لیکن پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار سب سے بہتر پایا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے پی ایس ایل جیسی زبردست بولنگ کسی بھی لیگ میں نہیں دیکھی۔
انھوں نے کہا کہ بہت سارے غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔
چھٹے ایڈیشن کی ٹیموں پر بات کرتے ہوئے بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ اس بار تمام ٹیمیں اچھی ہیں، زبردست مقابلہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ بڑا برانڈ ہے، اس بار بھی سب مل کر اسے کامیاب بنانے کی کوشش کریں گے۔
شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کی پہچان ہے۔
Comments are closed.