سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل آفس نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا، خط میں لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی نواز شریف کی صحت سے متعلق دستاویزات پنجاب میڈیکل بورڈ کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے ہوم سیکرٹری پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈاکٹر فیاض شال نے نواز شریف کی صحت سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں 28 جنوری کو نئی دستاویز جمع کروائی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے قائم کردہ میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی صحت سے متعلق نئی دستاویز فراہم کی جائے تاکہ میڈیکل بورڈ نواز شریف کی صحت اور سرگرمیوں سے متعلق اپنی رائے دے سکے۔
اٹارنی جنرل آفس نے لکھا ہے کہ پنجاب حکومت کے قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی مزید رپورٹس طلب کی تھیں، میڈیکل بورڈ نواز شریف کی صحت اور سرگرمیوں سے متعلق اپنی رائے دے گا، میڈیکل بورڈ کی رائے آنے کے بعد اٹارنی جنرل آفس شہباز شریف کیخلاف کارروائی کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔
اٹارنی جنرل آفس کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کی وطن واپسی کے ضامن شہباز شریف ہیں۔
وفاقی کابینہ نے اٹارنی جنرل آفس کو بیان حلفی کی خلاف ورزی پر شہباز شریف کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر رکھی ہے، نواز شریف کو لاہور ہائی کورٹ نے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک علاج کروانے کی اجازت دی تاہم نواز شریف میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت مند ہونے کے باوجود وطن واپس نہیں آرہے۔
Comments are closed.