آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے بڑے مقابلے میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 126 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی میں ہونے والے اس میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے حسبِ روایت ٹاس جیت کر ہدف کے تعاقب کا فیصلہ کیا تھا۔
بیٹرز کی مایوس کن کارکردگی کے باعث آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کے بولرز کے آگے آسٹریلوی بلے باز بے بس دکھائی دیے، دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن میں سے ایک قرار دیے جانے والے آسٹریلوی کھلاڑی اپنی وکٹیں باآسانی گنواتے رہے۔
کپتان ایرون فنچ نے 44 رنز کے ساتھ انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی، اور ٹیل اینڈرز کے قیمتی رنز نے ٹیم کو اننگز کے اختتام تک 125 کے مجموعے تک پہنچایا۔
انگلینڈ کے تمام ہی بولرز وکٹیں اڑانے میں کامیاب ہوئے، لیکن 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے والے کرس جورڈن نمایاں بولر رہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں نے اب تک دو دو میچز کھیلے ہیں اور دنوں ہی ٹیمیں ان میچز میں فتوحات کے ساتھ ناقابلِ شکست ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم کپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، میتھیو ویڈ، ایشٹن ایگر، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زیمپا اور جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان ایون مورگن، جیسن رائے، جوز بٹلر، ڈیوڈ ملان، جونی بیئرسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید اور ٹیمل ملز شامل ہیں۔
Comments are closed.