بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آج سندھ میں کورونا کے 151 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی، وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 151 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 1266 افراد صحتیاب ہوئے اور کوئی بھی اموات رپورٹ نہیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8000 نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 151 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ تشخیص کی شرح کا 1.9 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی بھی مریض اس وبا کا شکار نہیں ہوا۔ اموات کی مجموعی تعداد 4482 ہے جوکہ اموات کی شرح کا 1.7 فیصد ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک 3233544 نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے اور 263663 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1266 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 255247 ہوچکی ہے جو کہ بحالی کی شرح کا 96.8 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 4085 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 3814 گھروں میں، 8 آئسولیشن سینٹرز میں اور 263 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 243 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 36 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 151 نئے کیسز میں سے 80 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 56، ضلع وسطی 11، کورنگی 6، ضلع جنوبی 4 اور ملیر میں 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسی طرح گھوٹکی اور سانگھڑ11۔11، مٹیاری 9، حیدرآباد 7، میرپور خاص 5، لاڑکانہ 4، جیکب آباد 3، قمبر اور خیرپورمیں 1۔1 کیس سامنے آیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی تاکید کی۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.