منگل 4؍صفر المظفر 1445ھ22؍اگست 2023ء

اُمید کرتے ہیں آج چیئرمن پی ٹی آئی ضمانت پر رہا ہو جائیں گے، نعیم پنجوتھا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ اُمید کرتے ہیں آج سابق وزیراعظم ضمانت پر رہا ہو جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ 5 مقدمات میں آج پیش ہوئے ہیں اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ چیئرمن پی ٹی آئی کی حاضری ویڈیو لنک سے لگائی جائے یا انہیں طلب کیا جائے۔

نعیم پنجوتھا نے کہا کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی اہم کیسز اور درخواست ضمانت پر سماعت ہے، اطلاعات ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سائفر کیس میں ڈال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ کیسا سلوک کیا جا رہا ہے، انہیں 12 گھنٹے بھوکا پیاسا رکھا گیا اور بغیر میٹرس کے زمین پر سلایا گیا۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اسی دن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس وقت وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔

خیال رہے کہ سائفر گمشدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ سیکریٹری داخلہ کی مدعیت میں سنگین آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 کی دفعہ 5، 9 پی پی سی سیکشن 34 کے تحت درج کیا گیا تھا، ملوث عناصر کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سخت سزائیں دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.