سعودی عرب کے شہر ریاض میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عرب لیگ کے مشترکہ ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق او آئی سی اور عرب لیگ نے غزہ کا محاصرہ ختم اور انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمدات روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ غزہ میں اسرائیلی قابض حکومت کی جارحیت، جنگی جرائم، غیر انسانی قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کے حق دفاع کو غزہ میں جنگ کا جواز بنانا مسترد کرتے ہیں۔
غزہ پر جنگ کو مسترد کرتے، سعودی ولی عہد
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کا محاصرہ ختم کیا جائے اور انسانی امداد کی رسائی دی جائے۔
محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ غزہ پر جنگ کو مسترد کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ غاصب قوت فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی ذمہ دار ہے۔ ہم یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
فلسطینیوں کا قتل عام فوری روکا جائے، انوارالحق کاکڑ
نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر روکا جائے، غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعظم انوارالحق نے کہا کہ 70 سال پہلے اقوام متحدہ نے قرار داد کے ذریعے مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے اسپتال، اسکول اور اقوام متحدہ کے دفاتر بھی محفوظ نہیں رہے، سلامتی کونسل پر غزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ناانصافی اور فلسطینی شہریوں کا قتل عام مزید تنازعات کو جنم دے گا، پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے، ایسی ریاست فلسطین جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
اسرائیلی بمباری پر خاموشی شرمناک ہے، ترک صدر
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری پر دنیا کی خاموشی شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر مشترکہ عرب اسلامی اجلاس بلانے پر محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔ غزہ میں بچوں کی بکھری لاشیں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اسرائیلی قابض فوج نے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کردی، فلسطین میں ہونے والے اسرائیلی مظالم کبھی نہیں بھولیں گے۔
طیب اردوان نے کہا کہ پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری پر دنیا کی خاموشی شرمناک ہے۔
جنگ بندی کی ناکامی کا ذمہ دار امریکا ہے، فلسطینی صدر
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی ناکامی کا ذمہ دار امریکا ہے۔
محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کے زیر قبضہ زمین کے اصل حقدار فلسطینی ہیں۔ فلسطین اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں لے کر جائے گا۔
Comments are closed.