خلیجی ملکوں سے پاکستان آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے معاملے پر وزارت صحت کے حکام نے اگلے احکامات تک ایئرپورٹس پر اسکریننگ عمل شروع نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل سے کراچی ایئرپورٹ پر تعینات حکام کی ملاقات ہوئی، جس میں صحت کے حکام نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ کسی ایک فلائٹ سے چند مسافروں کی اسکریننگ سے ماضی میں بھی مسائل آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت قادر پٹیل پی آئی اے کی پرواز سے کچھ دیر قبل کراچی پہنچے تھے جہاں وفاقی وزارت صحت کے انچارج ڈاکٹر طارق نے وزیر صحت کو آگاہی دی، جس کے بعد قادر پٹیل نے آئندہ احکامات تک اسکریننگ عمل روکنے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت قادر پٹیل کی ہدایت کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر فی الحال خلیجی ملکوں سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی اسکریننگ روک دی گئی ہے۔
سی اے اے حکام نے بھی فی الحال اسکریننگ عمل شروع نہ کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
اس سے قبل پاکستان میں حال ہی میں اومیکرون کی نئی قسم کے پہلے کیس کی نشاندہی کے بعد خلیجی ممالک اور سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
Comments are closed.