کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک پولیس مقابلے میں زخمی ہو کر گرنے والے بے بس ملزم پر پولیس اہلکار نے گولی چلا دی۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں دو ملزمان ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ فرخ رضا کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں چاندنی چوک کے قریب مین روڈ پر دو ملزمان نے کارِ سرکار میں مداخلت کی اور فرض کی ادائیگی کے دوران تھانہ اقبال مارکیٹ پولیس پر حملہ کیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے دو پستول، اسلحہ کے زور پر چھینے گئے موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
فرخ رضا کے مطابق بائیومیٹرک کے ذریعے ہلاک ملزمان کی شناخت کی جارہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جاری تھی کہ واقعہ کے فوری بعد کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سامنے آئی۔
اس ویڈیو میں زمین پر زخمی حالت میں گرے ہوئے ایک ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے جو اٹھنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔ پولیس اہلکار اور لوگوں کا ہجوم بھی اس زخمی کے آس پاس دیکھا جا سکتا ہے کہ اچانک ایک مسلح پولیس اہلکار زخمی بے بس ملزم پر گولی چلاتا ہے۔
پولیس اہلکار نے قریب آکر زخمی مبینہ ڈاکو کو ایک اور گولی ماری جس سے وہ مزید زخمی ہوا۔ اس کے بعد ملزم کے ساتھ مزید کیا کیا گیا، یہ صورت حال سامنے نہیں آسکی، تاہم عینی شاہدین کے مطابق یہ زخمی کافی دیر تک جائے وقوعہ پر پڑے رہے۔
پولیس کے مطابق انہیں اسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو موبائل کیمرے کے سامنے گولی مارنے کے واقعہ اور ویڈیو کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.