انسانی کھوپڑی پر رسومات کی مدد سے امیر بننے کی خواہش: 5 ملزمان کو 12 سال قید کی سزا

نائجیریا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

  • مصنف, گلوریا آرادی
  • عہدہ, بی بی سی نیوز

افریقی ملک نائیجیریا میں پانچ افراد کو قبر سے انسانی کھوپڑی نکالنے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

مینا شہر کی ایک عدالت نے ان افراد کو مجرمانہ سازش، تدفین کے مقام پر ناجائز سرگرمیاں اور غیر قانونی طور پر انسانی کھوپڑی رکھنے کے الزامات میں مجرم قرار دیا ہے۔

یہ پانچ افراد اس کھوپڑی کو ایک جڑی بوٹیوں سے علاج کرنے والے ایسے روایتی عامل کے پاس لے جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے جس نے انھیں یقین دلایا تھا کہ وہ اس کھوپڑی پر کچھ عمل کر کے اِن پانچوں کو امیر کبیر بنا دے گا۔

تاہم جب پولیس نے ان پانچوں ملزمان کو ایک تھیلے میں رکھی انسانی کھوپڑی کے ساتھ گرفتار کیا تو انھوں نے اعتراف جرم کر لیا۔

اس کیس کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ان افراد نے شمالی وسطیٰ ریاست نائجر میں واقع مسلمانوں کے ایک قبرستان میں تین سال قبل دفن کی گئی لاش کو نکالا تھا تاکہ اس کی کھوپڑی کو وعدے کے مطابق عامل کے پاس لے جا سکیں۔

مقامی اخبار ’ڈیلی پنچ‘ نے پراسیکیوٹر کے الفاظ کو اس طرح بیان کیا ہے۔ ’انھوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کے ماہر عامل نے ان سب کو انسانی کھوپڑی کی تلاش پر مامور کرتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ اس سے وہ سب بہت دولت مند ہو جائیں گے۔‘

سکیورٹی افسران نے 18 سے 28 سال کی عمر کے ان نوجوانوں کو ستمبر کے اوائل میں اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ اس حکیم کی ہدایت پر اس انسانی کھوپڑی کو لے جا رہے تھے۔

تاہم اُس عامل کو نہ تو اب تک گرفتار کیا گیا اور نہ ہی اس پر فرد جرم عائد کی۔

پیو ریسرچ سینٹر کی 2010 کی ایک رپورٹ کے مطابق ’نائجیریا میں جادو ٹونہ پر کافی لوگ یقین رکھتے ہیں اور اسے عموماً مسیحی مذہب اور اسلام کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔‘

دوسری جانب انسانی جسم کے اعضا سے دلکش مٹی کے برتن بنا کے پیسہ کمائے جانے جیسے عقائد کے تحت نائیجیریا میں حال ہی میں کئی لرزہ خیز قتل کی وارداتیں بھی سامنے آئی ہیں۔

دولت مند بننے کے یہ خواہش مند افراد ایسے افراد کو نشانہ بناتے ہیں جن میں بچے، اکیلی خواتین اور معذور افراد شامل ہیں۔

مقامی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ انسانی جسم کے اعضا فروخت کیے جاتے ہیں اور انھیں رسومات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس رسومات کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی مدد سے کوئی بھی شخص دولت مند بن سکتا ہے۔

نائجیریا میں ہر 10 میں سے چار لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اورعالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، نائیجیریا میں پیسہ کمانے کی رسومات کو معاشی چیلینجز کی وجہ سے بھی تقویت ملتی ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ