جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

انتخابات 2024: انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیت کی شروع

عام انتخابات 2024 کے لیے انتخابی عملے کی ترجیحی بنیادوں پر تربیت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ 

اسلام آباد سے الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اب تک 5 لاکھ 79 ہزار 191 افراد کی ضروری تربیت مکمل ہوگئی ہے۔ 

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق بقیہ 4 لاکھ 62 ہزار 222 افراد کی تربیت یکم فروری 2024 تک مکمل ہو جائے گی۔ 

ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 9 لاکھ 85 ہزار 413 افراد کی تربیت نومبر کے آخری ہفتےمیں شروع کی۔ 

ترجمان کے مطابق انتخابی عملے میں ڈی آر او، آر او، پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور دیگر شامل ہیں۔ غیر حاضر رہنے والے عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مرکزی کنٹرول روم 26 دسمبر سے مکمل فعال ہے۔ 

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق مرکزی کنٹرول روم میں اب تک 45 شکایات موصول ہوئیں، تمام کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ 

ترجمان نے کہا کہ مرکزی شکایت سیل میں آنے والی 165 شکایات پر فوری کارروائی کر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔ 

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم کے ماتحت 180 کنٹرول روم صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی فعال ہیں۔ ملک بھر کے تمام اضلاع میں تعینات مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہوگئی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز نوٹسز بھی جاری کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.