پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے بالکل صحیح مشاہدہ کیا ہے، ان کے الفاظ ہیں کہ ماحول شفاف الیکشن والا نظر نہیں آرہا۔
سپریم کورٹ کے باہر فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہاں ایک سابق وزیرِ اعظم کے خلاف مقدمات کی سنچری مکمل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے کمٹمنٹ مانگی ہے کہ شفاف الیکشن کے لیے ماحول بھی فراہم کیا جائے، امید ہے کورٹ کی ہدایات پر حکومت بھی عمل کرے گی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسد عمراور علی ظفر نے جو کہا اس کہ تائید کرتا ہوں، پورے پاکستان کی نظریں اس کیس پر لگی ہوئی ہیں، سب پر ذمے داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں سیاسی جماعتیں تدبیر کا مظاہرہ کریں، تحریک انصاف کے اصولوں میں قانون کی حکمرانی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کو چاہیے شہباز شریف کو بلا کر پوچھے الیکشن کروانے ہیں یا نامزدگیوں پر چلنا ہے، ہمارے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وزیر داخلہ سابق وزیر اعظم کو قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے، 4 دن ہو گئے ہیں اظہر مشوانی کا کچھ پتا نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہی حالات رہے تو پاکستان نے سری لنکا ہی بننا ہے، پاکستان کے آئین کو بچانا سپریم کورٹ اور عوام کی ذمہ داری ہے۔
Comments are closed.