بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

امریکی خاتونِ اول اور جسٹن ٹروڈو کا ایلکس ٹریک کو خراجِ عقیدت

کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے گزشتہ برس انتقال کرجانے والے معروف امریکی میزبان ایلکس ٹریک کو امریکا کی خاتون اول ڈاکٹر جِل بائیڈن اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ڈے ٹائم ایمی ایوارڈز کی تقریب میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایلکس ٹریک کو امریکی میزبان رابن رابرٹس، مزاح نگار کین جیونگ اور ڈاکٹر جِل بائیڈن کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جسٹن ٹروڈو نے ایلکس ٹریک کے بارے میں کہا کہ ’الیکس ٹریک نے لاکھوں لوگوں کو اپنی تیز عقل اور روشن مزاح کے ساتھ محظوظ کیا اور انہوں نے کبھی بھی کینیڈا کے بارے میں سوالات پر مقابلہ کرنے والوں کو ہرانے کا موقع نہیں گنوایا۔

انہوں نے کہا کہ ’بہت سے اور کینیڈینز کی طرح وہ کینیڈا کی حفاظت کا خیال رکھتے تھے۔ انہوں نے 62 ایکڑ زمین نکولز کینیوں کو عطیہ کی کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ماحول کی کتنی اہمیت ہے، بالکل اسی طرح جیسے ہماری صحت اور نشونما کے لیے مسکراہٹ اور شفقت ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں سب کا ایلیکس کو ٹی وی پر دیکھنے کے لیے مل کر بیٹھنا بہت یاد آئے گا لیکن ان کی میراث ہمیشہ زندہ رہے گی۔‘

جسٹن ٹروڈو نے ایلکس ٹریک سے ہونے والی آخری ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے ان سے کچھ سال پہلے بات کی تو انہوں نے مجھ سے اظہار کیا کہ وہ کینیڈین ہونے پر کتنا فخر کرتے ہیں تو مجھے انہیں بتانا پڑا کہ تمام کینیڈینزحیرت انگیز حد تک فخر محسوس کرتے ہیں کہ ایلیکس ہم میں سے ایک ہیں۔‘

دوسری جانب ڈاکٹر جِل بائیڈن نے بھی ٹی وی اسٹار کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ’وہ گرم جوش اور مضحکہ خیز تھے اور بہت ہی نرم مزاج تھے لیکن ان کے بارے میں سب سے اہم بات یہ تھی کہ اگرچہ وہ کبھی بھی کلاس روم میں نہیں پڑھاتے تھے لیکن وہ ایک معلم تھے۔‘

ڈاکٹر جِل بائیڈن نے کہا کہ ’ایلکس نے ہمیں ایسا محسوس کروایا کہ سیکھنا ہر ایک کے لیے ضروری ہے، انہوں نے اپنے کام کو تفریحی، دلچسپ اور مسابقتی بنایا، کون اندازہ کرسکتا تھا کہ ’فائنل جیوپارڈے‘ کی سادہ سی راگ ہمارے دل کی دھڑکن بن جائے گی؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایلکس نے ہمیں اپنے اردگرد کی دنیا کے بارے میں مزید دلچسپی لینے کی ترغیب دی اور وہ ہر شام فیملیز کو اکٹھا کرتے، ہنساتے اور ذہین ترین افراد کو ساتھ لے کر ہماری دماغی صلاحیتوں کو مزید بڑھاتے تھے۔ ہمیں تعلیم دینے، متاثر کرنے اور ہمیں اکٹھا کرنےکے لیے ایلکس کا شکریہ، ہمیں انہیں بہت یاد کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ معروف امریکی میزبان ایلکس ٹریک گزشتہ برس نومبر میں کینسر سے جنگ ہارنے کے بعد 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.