بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

امریکہ میں کارگو طیارے کی سمندر میں ہنگامی لینڈنگ، پائلٹس زخمی

امریکی ریاست ہوائی میں کارگو طیارے کی سمندر میں ہنگامی لینڈنگ، دونوں پائلٹس ریسکیو کر لیے گئے

طیارہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امریکی ریاست ہوائی کے شہر ہونولولو کی ساحلی پٹی سے کچھ دور بوئنگ 737 کارگو طیارے کو انجن میں خرابی کے باعث سمندر میں ہی ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی ہے اور اس طیارے میں سوار دونوں پائلٹ اس دوران زخمی ہوئے تاہم انھیں فوری طور پر ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

یہ طیارہ ہونولولو سے جزیرہ ماؤای کی جانب گامزن تھا لیکن ہوائی کے ڈینییئل کے انوئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اسے سمندر میں لینڈ کرنا پڑا۔

کوسٹ گارڈ کی جانب سے جمعے کی صبح دونوں پائلٹس کو ریسکیو کر لیا گیا تھا۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان میں سے ایک پائلٹ طیارے کی دم کے ساتھ چپکے ہوئے تھے اور انھیں بذریعے ہیلی کاپٹر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

مقامی خبررساں ادارے ہوائی نیوز ناؤ (ایچ این این) کے مطابق ریاست کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا ہے کہ اس پائلٹ کو کوئین میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں تشویشناک حالت میں ہیں۔

ایچ این این کے مطابق ریسکیو کرنے والے کوسٹ گارڈز دوسرے پائلٹ کو بذریعہ کشتی ساحل تک لانے میں کامیاب ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق انھیں سر پر چوٹ آئی ہے جس کے باعث ان کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔

این بی سی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص، جو ممکنہ طور پر ایک پائلٹ ہے اس وہیل چیئر پر لے جایا جا رہا ہے۔ وہ اس دوران بظاہر ہوش میں ہے۔

پائلٹس کو پرواز بھرتے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

آن لائن پوسٹ ہونے والی ایک ریکارڈنگ کے مطابق ایک پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا ‘طیارے کا ایک انجن کام نہیں کر رہا۔’

‘کچھ ہی دیر میں دوسرا انجن بھی بند ہو سکتا ہے کیونکہ اس کا درجہ حرارت بہت زیادہ ہو گیا ہے۔’

بوئنگ کی جانب سے امریکی میڈیا کو جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ حکام سے اس واقعے کے سلسلے میں رابطے میں ہیں اور ‘صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔’

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ایف اے اے نے ایک بیان میں کہا کہ ‘پائلٹس نے انجن میں خرابی سے متعلق بتایا اور وہ ہونولولو کی جانب طیارہ واپس موڑنے کی کوشش کر رہے تھے جب انھیں مجبوراً اسے پانی میں لینڈ کرنا پڑا۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 737-200 کارگوں طیارہ ٹرانس ایئر کے لیے سنہ 2014 سے کام کر رہا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ اسے سنہ 1975 میں بنایا گیا تھا اور سب سے پہلے اسے پیسیفک ویسٹرن ایئرلائنز کو بیچا گیا تھا۔

ٹرانس ایئر فلائٹ 810 ہونولولو سے کاہولوئی کے لیے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 33 منٹ پر روانہ ہوئی تھی لیکن اسے فوراً واپس آنا پڑا اور چند منٹ فضا میں رہنے کے بعد اس کی ہنگامی لینڈنگ ہوئی۔

ٹرانس ائیر کی ویب سائٹ کے مطابق اس ایئر کیریئر نے سنہ 1982 سے کام شروع کیا ہے اور یہ ہوائی کے سب سے بڑے کارگو آپریٹرز میں سے ایک ہے۔

خیال رہے بوئنگ کمپنی کے ایک اور طیارے 737 میکس کو حکام کی جانب سے سنہ 2018 اور 2019 میں دو مرتبہ حادثے کا شکار ہونے پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔ 737 میکس کو امریکی ریگولیٹرز نے سنہ 2020 میں دوبارہ چلائے جانے کی اجازت دی گئی تھی تاہم حال ہی میں اس کے حوالے سے دوبارہ خدشات سامنے آئے ہیں۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.