بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

امریکا کے بیشتر حصوں میں شدید برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کا زور

موسم سرما کے طوفان کے باعث امریکا کے بیشتر حصوں میں شدید برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کا زور ہے، ڈیلاس میں تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ کردی گئیں، ٹیکساس کی 254 کاؤنٹیز میں فیڈرل ایمرجنسی نافذ ہے۔

ہیوسٹن میں حکام نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سڑکوں کی خطرناک صورتحال کے لیے تیار رہیں، موسمی صورتحال کے باعث مغربی ٹیکساس میں ہائی وے پر گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے متعدد واقعات پیش آئے۔

امریکا کے جنوبی حصے سے مڈویسٹ اور شمال مشرقی حصے برف باری اور برفانی ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں، ٹیکساس کے گورنر کی درخواست پر امریکی صدر جو بائیڈن نے 254 کاؤنٹیز میں فیڈرل ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ جس کے بعد تمام فیڈرل ایجنسیاں ریلیف کے کاموں میں تعاون کرسکیں گی۔

طوفانی موسم کے باعث مغربی ورجینیا میں 19 ہزار افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔

مغربی ٹیکساس میں ہائی وے پر متعدد گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے کئی واقعات بھی پیش آئے، ایک حادثے میں 25 گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔

امریکا کے وسطی اور مشرقی سیکشنز میں آج شدید برف باری اور بارش کی پیش گوئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.