بدھ 24؍ذیقعد 1444ھ14؍جون 2023ء

امریکا چین کے ملکی معاملات میں مداخلت بند کرے، چینی وزیر خارجہ

چین کے وزیر خارجہ چن گینگ نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کو پیغام دیا ہے کہ واشنگٹن ان کے ملکی معاملات میں مداخلت بند کرے اور چین کے مفادات کا احترام رکھے۔

اتوار کو امریکی سیکریٹری خارجہ کے مجوزہ دورہ چین سے قبل دونوں وزرا کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی۔

چن گینگ نے کہا کہ اس سال کا آغاز ہوتے ہی چین امریکی تعلقات نے نئی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے، چین نے ہمیشہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور تعاون کی نظر سے دیکھا ہے، یہ اصول صدر شی جن پنگ نے پیش کیا ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے چینی ہم منصب سے رابطے کے ذرائع کھلے رکھنے کی کوششوں پر بات چیت کی، ساتھ ہی دو طرفہ اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔

امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکا سفارتی سطح پر توجہ طلب معاملات اٹھاتا رہے گا اور تعاون کے شعبوں کی نشاندہی بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ انٹونی بلنکن اتوار کو چین کا دورہ کریں گے، یہ اکتوبر 2018 کے بعد امریکی سیکریٹری خارجہ کا پہلا دورہ چین ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.