بدھ 8؍شعبان المعظم 1444ھ یکم؍مارچ 2023ء

اماراتی ویزا کے حصول کیلئے کن پاکستانیوں پر پابندی ہوگی؟ قونصل جنرل یو اے ای نے بتادیا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانیوں کےلیے اہم خبر ہے کہ اماراتی حکومت نے 18 سال سے کم عمر پاکستانیوں کے ویزوں کے حصول کے حوالے سے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل عتیق بخیت الرومیتی نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس قانون اور یو اے ای حکومت کی جانب سے آئندہ سخت اقدامات کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔

قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الرومیتی نے بتایا کہ ’ودیمہ‘ نامی قانون کے تحت امارات میں ورک ویزا رکھنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد بچوں کے حقوق کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان قوانین میں خاص طور پر بچوں کے تعلیم کے حق پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنے بچوں کو گھروں پر رکھ کر زیور تعلیم سے محروم کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے گزشتہ دنوں اہم اجلاس میں اس سلسلے میں سخت فیصلے کیے ہیں، متحدہ عرب امارات میں مقیم خاندانوں کے بچوں کے حقوق کے حوالے سے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔

قونصل جنرل یو اے ای نے بتایا کہ بچوں کو تعلیم دلانے بہت ضروری ہے۔ یو اے ای حکومت کی جانب سے بچوں کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مزید بتایا کہ یو اے ای کے ’ودیمہ‘ قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، پاکستانی والدین اپنے بچوں کے حقوق کا خاص خیال رکھیں اور انہیں تعلیم ضرور دلوائیں۔

بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ والدین بچوں کی تعلیم، صحت، آزادی سمیت دیگر حقوق کا خیال رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں 16 سے 17 لاکھ پاکستانی موجود ہیں۔ ودیمہ کا قانون ورک یا رہائشی ویزا رکھنے والے پاکستانیوں کےلیے ہے۔خلاف ورزی کرنے والے پاکستانیوں کو امارات سے بےدخل کیا جاسکتا ہے جبکہ نئے ویزوں کے حوالے سے سختی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے پاکستانیوں کو ویزے دیے جائیں گے جو ودیمہ کے قانون پر مکمل عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کروائیں گے۔

بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزے کے امیدوار پاکستانی شہریوں کےلیے ایسی کوئی پابندی نہیں، یو اے ای حکومت تفریحی ویزا والے پاکستانیوں کو خوش آمدید کہے گی اور ایسے شہریوں پر یو اے ای جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.