بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الیکشن کمیشن : 17سیاسی جماعتوں نے تاحال گوشوارے جمع نہیں کرائے

الیکشن کمیشن میں 17 سیاسی جماعتوں نے تاحال پارٹی گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں، جنہیں آخری موقع دے دیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں 35 سیاسی جماعتوں کے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے کے معاملے پر ممبر الیکشن الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی ہے۔

اس معاملے پر ڈپٹی ڈائریکٹر پولیٹیکل فنانس ونگ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ڈیڈلائن کے بعد 35 سیاسی جماعتوں کو گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کےلیے نوٹس جاری کیا تھا۔

گزشتہ سماعت کے بعد 11 سیاسی جماعتوں نےگوشواروں کی تفصیلات جمع کرائی تھیں، جس کے بعد 24 جماعتوں کو دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے سماعت کے دوران بتایا کہ مزید 6 سیاسی جماعتوں نے پارٹی گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں جبکہ ایک جماعت نے سالانہ پارٹی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگا۔

انہوں نے بتایا کہ 17 سیاسی جماعتوں کا کوئی جواب الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوا۔

الطاف ابراہیم قریشی نے اس موقع پر کہا کہ سالانہ پارٹی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانا سیاسی جماعتوں کی قانونی ذمہ داری ہے، ڈیڈلائن کے باوجود سیاسی جماعتوں کو گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کا وقت دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جوجماعت سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرائے اس کا انتخابی نشان ضبط کرلیں گے،17 سیاسی جماعتوں کو آخری موقع دے دیا ہے۔

اس کے بعد سیاسی جماعتوں کی سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانےکےکیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.