وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن سے پہلے تیسری لیگ وجود میں آ جائے گی، امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے کہ نون اور شین 2 لیگ ہیں، مجھے خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کے لیے میرے شہر کا انتخاب کیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان خود ہر ہفتے مہنگائی کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے کہ ڈالر کی نقل و حمل روکی جائے، اپوزیشن احتجاج کرے لیکن آئین اور قانون کسی کو ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن جب آئے گا ایک نئی الائنمنٹ ہو گی، شہباز شریف کی اگر کسی سے ملاقات ہوئی ہے تو اچھی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی نیوی نے تیسری دفعہ بھارتی نیوی کو شٹ اپ کال دی ہے، پاکستان کی زمینی، فضائی اور بحری افواج چاق و چوبند ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ آئین و قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا جائے گا تو کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔
شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن سے پہلے دنگا فساد کرنے والے اپنے لیے گڑھا کھو دیں گے۔
Comments are closed.