پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر کی بیٹی پر تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 354-365 اور 342 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر سیل کر دی۔
واضح رہے کہ افغانستان کے سفیر کی بیٹی پر تشدد کے کیس میں دوسرے ٹیکسی ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعے میں ملوث ایک ٹیکسی ڈرائیور پہلے ہی زیرِ حراست ہے، جبکہ تیسرے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
واقعہ 16 جولائی کو اسلام آباد میں پیش آیا تھا جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغواء اور تشدد کا معاملہ ناقابلِ برداشت ہے، سفارت کاروں اور ان کے اہلِ خانہ کی سیکیورٹی کیلئے پُرعزم ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ افغان سفارت خانے نے اطلاع دی تھی کہ افغان سفیرکی بیٹی پر کار میں سوار ہوتے وقت حملہ کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس نے فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔
Comments are closed.