افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مستقل کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور حارث رؤف کو آرام کروائے جانے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی سیریز کےلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے افغانستان کے خلاف شارجہ میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام کروانے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو بھی آرام کروائے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آرام کروانے کے حوالے سے ردعمل کا جائزہ لے رہا ہے۔
تینوں کرکٹر کا آرام صرف افغانستان کے خلاف سیریز تک محدود ہونے کا امکان نہیں ہے۔ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں بھی آرام دیے جانے پر غور ہو رہا ہے۔
نوجوان بیٹر صائم ایوب، وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان اور فاسٹ بولر احسان اللّٰہ قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آل راؤنڈر عماد وسیم کی بھی اسکواڈ میں واپسی کا امکان ہے۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے کپتانی کے حوالے سے بات چیت بھی ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فارم اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 میں اچھی قیادت کے باعث شاہین آفریدی کو وائٹ بال کے نائب کپتان شاداب خان پر ترجیح دی جا رہی ہے۔
Comments are closed.