امریکا کے شہر ہیوسٹن میں میئر ہیوسٹن کے ہمراہ افطار ڈنر کا انعقاد اس سال بھی کورونا وائرس کے باعث ورچول کیا گیا، مسلم سسٹر سٹیز ایسوسی ایشن، آغا خان کونسل، اسلامک سوسائٹی سمیت درجنوں تنظیموں کے اشتراک سے افطار ڈنر ڈرائیو تھرو کے ذریعے تین ہزار سے زائد افطار باکس عوام الناس میں تقسیم کیے گئے۔
میئر ہیوسٹن، اراکین کانگریس، قونصل جنرل سمیت کئی ممالک کے سفارتکاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور باکسز کی تقسیم میں رضا کاروں کی مدد کی۔
منتخب نمائندوں اور اراکین کانگریس کی جانب سے انتظامی کمیٹی کے سربراہ کو گذشتہ دو دہائیوں سے جاری اس افطار ڈنر کے انعقاد پر تہنیتی اسناد بھی دیں، جبکہ افطار ڈنر کے انعقاد پر مالی تعاون کرنے پر آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور سے اظہار تشکر اور ان کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مئیر ہیوسٹن سلویسٹر ٹرنر کی میزبانی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی امریکہ کے سب سے بڑے ورچئیول افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلم سسٹر سٹیز ایسوسی ایشن آغا خان کونسل اور اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن سمیت درجنوں تنظیموں کے اشتراک سے ڈرائیو تھرو کے ذریعے افطار باکسس لوگوں میں تقسیم کیے گئے افطار ڈنر میں رکن کانگریس ایل گرین، شیلا جیکسن لی اور پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی، ہیوسٹن پولیس کے سربراہ ٹونی فنر، رکن سٹی کونسل شگر لینڈ نوشاد کرم علی سمیت مغربی اور دیگر مسلمان ممالک کے سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔
اراکین کانگریس ایل گرین اور شیلا جیکسن لی کی طرف سے افطار ڈنر کی انتظامی کمیٹی کو کانگریس کی جانب سے تہنیتی اسناد بھی پیش کی گئی جو کہ سعید شیخ نے وصول کیں۔
افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مئیر سلویسٹر ٹرنر نے کہا کہ وہ آئندہ سال مزید بڑے پیمانے پر افطار ڈنر کے انعقاد کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے افطار ڈنر کو ہیوسٹن کی منفرد شناخت قرار دیا انہوں نے مزید کہا کہ افطار ڈنر بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے رکن کانگریس ایل گرین کا کہنا تھا کہ رمضان خصوصی عبادتوں اور دعاؤں کا اسلامی مہینہ ہے اسلیے ہم سب کو اقوام عالم میں اتحاد امن اور سلامتی کی دعائیں مانگنی چاہیے۔
افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خاتون رکن کانگریس اور کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکس لی کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو دہائیوں سے جاری مختلف عقائد کے لوگوں کو جمع کرنے والے اس عظیم افطار کا حصہ ہونے پر وہ فخر محسوس کرتی ہیں جس میں ہر عقائد کے لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔
انہوں نے ہیوسٹن کی مسلمان کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلمان کمیونٹی نے ہیوسٹن میں کمیونٹی کی ہر مشکل گھڑی میں آگے بڑھ کر مدد کی ہے جس پر وہ ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
اس موقع پر افطار ڈنر کی سالہا سال سے مالی سرپرستی کرنے والے ممتاز آئل ٹائیکون سید جاوید انور نے اپنے ویڈیو پیغام میں مستقبل میں بھی افطار ڈنر کی مکمل مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
جبکہ مالی تعاون کرنے پر افطار کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے سید جاوید انور کو خراج تحسین پیش کیا اور تمام آرگنائزیشنز سمیت رضاکاروں کا بھی شکریہ اداکیا۔
تقریب سے پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی ہیوسٹن پولیس کے سربراہ ٹوری، صدر ISGH ایمن کبیری، آغا خان کونسل ہیوسٹن کے صدر مراد آجانی اور رکن سٹی کونسل شگر لینڈ نوشاد کرم علی اور مسلمان رکن سٹی کونسل سمیت دیگر کمیونٹی رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
Comments are closed.