جمعرات 8؍رمضان المبارک 1444ھ30؍مارچ 2023ء

اعظم خان کی حمایت میں شہزر محمد سامنے آگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بیٹر اعظم خان پر تنقید اور انہیں سپورٹ کرنے والے دونوں ہی موجود ہیں، اب اس لسٹ میں شہزر محمد کا بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

اعظم خان کے ٹرینر اور فرسٹ کلاس کرکٹر شہزر محمد نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ ایک کھلاڑی کو ایتھلیٹ جیسا فٹ نظر آنا چاہیے لیکن اعظم ہیوی ویٹ کیٹیگری میں آتا ہے، ایک دم سے زیادہ وزن کم کرنے کے باعث وہ ہارڈ ہٹنگ کی طاقت کھو سکتا ہے۔

جیو سوپر سے گفتگو کرتے ہوئے شہزر محمد نے کہا کہ ہر کھیل میں کیٹیگری ہوتی ہے بدقسمتی سے کرکٹ میں دیگر کھیلوں جیسے باکسنگ اور یو ایف سی کی طرح کوئی تقسیم نہیں ہے۔

شہزر محمد نے کہا کہ آپ کو اعظم خان کے چھکے پسند ہیں، اس کا اسٹرائیک ریٹ پسند ہے کہ وہ پورا گیم ہی تبدیل کردیتا ہے، یہ اس کے سائز کی وجہ سے ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا ہے کہ اسے فٹ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ظاہر ہے ضرورت ہے جیسے رضوان اور شان مسعود کی فٹنس ہے۔

انہوں نے اعظم خان کے وزن پر کی جانے والی تنقید کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کو تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ ذہنی طور پر مضبوط ہے، حقائق دیکھیں تو اس کا اسٹرائیک ریٹ دنیا کے بہترین اسپنرز کے خلاف سب سے اچھا ہے۔

شہزر محمد نے کہا کہ کسی کے 2 میچز خراب چلے جائیں تو اس پر تنقید شروع ہوجاتی ہے، جب آصف علی کو اتنا موقع دیا گیا تو اسے بھی دینا چاہیے۔

حال ہی میں افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے اور دوسرے میچ میں انہوں نے صرف 1 رن بنایا تھا جبکہ انہیں تیسرا میچ نہیں کھلایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شہزر محمد کی ٹریننگ میں اعظم خان نے 3 سے 4 ماہ میں 30 کلو وزن کم کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.