صوبائی وزیر برائے صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق کہنا ہے کہ اعتکاف لوگ گھر پر ہی کریں، عید پر کوشش ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل ہو، عید سادگی سے منائیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ عوام کی زندگی ہمارے لیے اہم ہے، اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اس صورتحال سے نکلیں، یہ کونسا وقت ہے کہ عید کی خوشیاں منائیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں مثبت کیسز میں کمی آئی ہے، پنجاب میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن ڈیمانڈ کا اس وقت کوئی پرابلم نہیں ہے، کابینہ کمیٹی نے اجازت دی ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن جنریٹر لگا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کے 100 فیصد وینٹیلیٹر پر مریض ہیں، آج 5 وینٹیلیٹرز گوجرانوالہ بھیج رہے ہیں، پچاس مزید وینٹیلیٹرز سسٹم میں ایڈ کیے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر میں بیک اپ کے لیے 280 ایچ ڈی یو بیڈ فعال کردیئے ہیں اور 10 وینٹیلیٹر بھی بیک اپ کے لیے لگ رہے ہیں جبکہ ایکسپو سینٹر میں 280 بیڈز آکسیجن سپلائی کے ساتھ فعال ہوگئے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نجی اسپتالوں سے3 سوبیڈز بھی فری کورونا مریضوں کے لیے مل گئے ہیں۔
اُن کا بتانا تھا کہ صرف ایک مریض میں برازیل اور ایک میں ساؤتھ افریقہ کا وائرس پایا گیا ہے،موجودہ چائینیز ویکسین دنیا میں سب زیادہ سے کامیاب ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ این سی او سی نے 80 ہزار ویکسینیشن روزانہ کا ہدف دیا ہے، ہر اسپتال میں ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے ویکسین موجود ہے، پنجاب ویکسین لگانے میں تمام صوبوں سے آگے ہے،نجی اسپتالوں کے ہیلتھ کئیر ورکرز کی بھی ویکسین کر رہے ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہمارے پاس 21 لاکھ ڈوز آئی تھیں، 8لاکھ 33 ہزار ویکسین موجود ہے، تمام ویکسین خریدی جا رہی ہے، ہوم ویکسین پنجاب کے علاوہ کہیں نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کےافرادکی بھی واک ان ویکسینیشن شروع کردی ہے، تحمل مزاجی بھی ہونی چاہیے، لوگ ناراض ہوتے ہیں، انتظار نہیں کرتے، صبح کےوقت جب رش ہوتا ہے تو لوگ ناراضی کا اظہار کرنے لگتےہیں، ہم تو کسی بھی قسم کا وی آئی پی کلچر پروموٹ نہیں کر رہے، پرائیویٹ سیکٹر میں ویکسین پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔
یاسمین راشد نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم چائنہ کی حکومت کے بہت شکر گزار ہیں، ہمیں تین کروڑ ویکسین مل گئی ہے، آپ ہمسایہ ملک دیکھیں اور پاکستان کا حال دیکھیں، ہمیں روزانہ شکرانے کے نفل پڑھنے چاہیں، اللّٰہ تعالیٰ کی بڑی رحمت ہے کہ مریضوں کی تعداد سنبھلی ہوئی ہے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا ہے کہ افطاری کے بعد سحری تک سب کچھ بند کرنے کا بہت بڑا فائدہ ہوا ہے، لاہورمیں ہمارا لاک ڈاؤن سب سے موثر رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جتنے مریض آ رہے ہیں اتنے صحت مند ہو کر جا رہے ہیں، صحافیوں کی ویکسینیشن کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ایوریج 55000 ہزار روزانہ ویکسین لگائی گئی، ہمیں اس مہینے میں بیس لاکھ مزید ویکسین مل جائے گی، پنجاب میں 2709 افراد کو گھروں میں ویکسین لگائی گئی ہیں۔
انہوں نے ویکسینیشن سینٹرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سات نئے ویکسینیشن سینٹر ایڈ کر رہے ہیں، لاہور میں تین نئے ویکسینیشن سینٹر بنا رہے ہیں، ویکسین کی تین کروڑ ڈوز کا آرڈر ہوچکا ہے وہ ساتھ ساتھ ملتی رہیں گی، ہم نے جو ویکسین منگوائی ہیں تمام موثر ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا ہے کہ 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز والے شہروں میں تمام ایس او پیز پر عمل ہوگا۔
Comments are closed.