جمعہ21؍جمادی الاول 1444ھ 16؍دسمبر 2022ء

اس ہفتے 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں اور 9 کی کم ہوئیں

ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے ہیں، ملک میں ہفتہ وار شرح صفر اعشاریہ 40 فیصد کم ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 29 اعشاریہ 42 فیصد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ ہفتے 30 اعشاریہ 66 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں جبکہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، 20 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 5 اعشاریہ 89 فیصد، پیاز کی قیمت میں 4 اعشاریہ 45 فیصد جبکہ آٹے کی قیمت میں 2 اعشاریہ 17 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اس ہفتے باسمتی ٹوٹا چاول 2 اعشاریہ 04، آئی آر آر آئی چاول کی قیمت میں 1 اعشاریہ 74 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق چینی 1 اعشاریہ31، نمک 1 اعشاریہ 08، واشنگ سوپ 2 اعشاریہ 30 فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی 1اعشاریہ27 فیصد مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اس دوران ٹماٹر 28 اعشاریہ71، آلو 16 اعشاریہ 63 اور انڈے 2 اعشاریہ 64 فیصد سستے ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق گھی کا ایک کلو کا ڈبہ صفر اعشاریہ 9 اور 2 اعشاریہ 5 کلو کا ڈبہ صفر اعشاریہ 65 فیصد سستا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق دال مسور صفر اعشاریہ61، دال ماش صفر اعشاریہ 44 اور دال چنا صفر اعشاریہ 22 فیصد سستی ہوئی جبکہ کوکنگ آئل کے 5 کلو کے ڈبے کی قیمت میں صرف اعشاریہ 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.