سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لیے ہی سارے ریلیف ہیں، اسپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟
لاہور کی ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ 5 ماہ سے ہم ضمانت پر ہیں پھر بھی ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے، انصاف تو وہ ہے جس کو عوام تسلیم کریں اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ اداروں اور عدالتوں کا احترام کیا ہے، شریفوں نے ہمیشہ ججز کے خلاف سخت باتیں کی ہیں، یہ کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف لاڈلے کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے، نواز شریف ججز کے خلاف بولتے ہیں کیا جج وہ باتیں بھول گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور کی ضلع کچہری میں پیش کیا۔
اینٹی کرپشن نے جسمانی ریمانڈ کے لیے اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش کیا۔
Comments are closed.