پیر14؍ربیع الثانی 1445ھ30؍اکتوبر 2023ء

سندھ ہائی کورٹ: بچی سے بدسلوکی کیس میں اسکول وین ڈرائیور کی درخواست ضمانت مسترد

چار سال کی بچی سے بدسلوکی کے کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے اسکول وین ڈرائیور کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ 

جسٹس عمر سیال نے اس موقع پر حکم دیا کہ کیس کے ٹرائل کے دوران ملزم کو بچی سے دور رکھا جائے۔ سیشن جج ضلع وسطی کراچی بچی کی سیفٹی اور پرائیویسی کا خیال رکھیں۔ 

ملزم سعد احمد کی درخواست ضمانت ٹرائل کورٹ بھی مسترد کر چکی ہے۔ ملزم کے خلاف متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ تیموریہ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ 

مدعی مقدمہ نے کہا کہ بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر زخم کے نشانات دیکھے تھے۔ 

مدعی مقدمہ نے مزید کہا ایک دن بچی اسکول وین ڈرائیور کو دیکھ کر اتنی خوفزدہ ہوئی کہ جانے سے منع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی نے والدہ کو وین ڈرائیور کے ناروا سلوک سے آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ وین ڈرائیور نے بچی کے ساتھ کوئی غلط حرکت نہیں کی۔ ملزم نے بچی کو ڈانٹ ڈپٹ کی تھی۔ 

واقعے کا مقدمہ 10 ستمبر 2023 کو تیموریہ تھانے میں درج کرایا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.