روس کے قونصل جنرل اینڈری وی فیڈورو نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان اسٹیل مل اور گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے لیکن پاکستان کو تین بڑے مسائل حل کرنے ہوں گے۔
کراچی میں پاکستان کونسل آن فارن ریلیشن کے زیر اہتمام روس یوکرین تنازعے پر احسن مختار زبیری کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی میں روس کے تعینات قونصل جنرل اینڈری وی فیڈورو نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ پاکستان کو ایک دوست ملک سمجھتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ ملکر چلنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے ہم تیار ہیں۔ اسٹیل مل منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بھی تیار ہیں لیکن حکومت کو تین بڑے مسائل گیس کی فراہمی، ٹریڈ یونین کے مسائل اور زمینوں کے مسائل حل کرنے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روس آٹھ سال تک کوشش کرتا رہا کہ یوکرین کا مسئلہ بات چیت سے حل ہو۔ عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ سے یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل نہ ہوسکا۔ روس یوکرین جنگ میں پاکستان کا کردار نیوٹرل تھا۔
روسی سفیر نے کہا کہ یوکرین میں روسی آبادی کا قتل عام کیا جارہا ہے۔
اینڈری وی فیڈورو نے کہا کہ نیٹو کو ہمارے بارڈر تک لاکر بٹھا دیا گیا۔ ایسے حالات پیدا کئے گئے جو روس کی سلامتی کیلئے خطرہ تھے۔
روسی سفیر نے کہا کہ وہ ہر سال 50 پاکستانی طلبہ کو اسکالر شپ دے رہے ہیں، وہ کلچر کے شعبے میں کام کر رہے ہیں۔
اینڈری وی فیڈورو نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں جس کے مثبت نتائج آئیں گے۔
Comments are closed.