اسلام آباد میں ڈینگی کا ایک اور مریض انتقال کر گیا، جبکہ مزید 121 شہریوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
شہرِ اقتدار میں ڈینگی سے اموات اور بیمار افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور اب تک 6 افراد اس وائرس سے انتقال کر چکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد کے پمز اسپتال میں داخل ڈینگی کا مزید ایک مریض انتقال کر گیا۔
ڈی ایچ او نے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 121 شہری ڈینگی سے بیمار ہوئے ہیں، جبکہ اس وقت 1 ہزار 649 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 1ہزار 77 افراد ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں 572 ڈینگی کیسز رپوٹ ہوئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے یہ بھی بتایا کہ ڈینگی سے ہونے والی 5 اموات اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں سے ہیں۔
Comments are closed.