اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج محمد اعظم خان نے نیب ریفرنس پر سماعت کی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے چھٹی پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج نے ریفرنس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح، نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی اور حافظ اسد اللّٰہ اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کے لیے واشنگٹن چلے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسحاق ڈار کی آج عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کر دی۔
اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے ضامنوں کے شیورٹی بانڈ جمع کرائے تھے، ان کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔
عدالت نے اسحاق ڈار کے ضامنوں کے ضمانتی مچلکے منظور کر لیے۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے اسحاق ڈار کی عدالت سے حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9 نومبر تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.