ارجنٹائن: مقامی لوگوں کو چڑانے کے لیے کرنسی نوٹ پھاڑنے والےغیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن
ارجنٹائن میں ایک برازیلی کلب کے شائقین مقامی کرنسی پیسو کا نوٹ پھاڑ رہے ہیں تاکہ اس کی قدر میں گراوٹ پر طنز کر سکیں
- مصنف, کرسٹی کونی
- عہدہ, بی بی سی نیوز
کھیلوں کے مقابلوں میں بعض شائقین حریف ٹیموں اور ان کے مداحوں کو چڑانے یا مشتعل کرنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ لاتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی حال ہی میں ارجنٹائن میں ہوا جہاں فٹبال گراونڈز میں غیر ملکی شائقین کی جانب سے مقامی کرنسی کو پھاڑنے کی تصویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں۔
مگر اب ارجنٹائن نے کہا ہے کہ فٹبال میچوں کے دوران غیر ملکی شائقین کو مقامی کرنسی نذر آتش کرنے یا پھاڑنے پر سزائیں دی جائیں گی۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا کہ جب ارجنٹائن میں فٹبال میچوں کے دوران حریف ٹیموں اور کلبوں کے فینز میزبان ملک کو چڑانے کے لیے ایسا کرتے پائے گئے ہیں۔
ارجنٹائن کو کئی برسوں سے معاشی بحران کا سامنا ہے جہاں مہنگائی کی شرح کافی بڑھ چکی ہے۔
مگر اب ارجنٹائن کی کرنسی نوٹوں کو پھاڑنے پر غیر ملکی شائقین کو 30 روز کی قید کا سامنا کرنا پڑا سکتا ہے۔
عموماً برازیل اور چیلی سے تعلق رکھنے والے فینز نے ارجنٹائن کو چڑانے کے لیے دوران میچ اس کے نوٹ پھاڑے ہیں جس کی مقامی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن میں کھیلوں میں پُرتشدد واقعات روکنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ عمل کھیلوں کی تقاریب کے دوران لڑائی جھگڑے روکنے کے موجودہ قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اس سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔
اس نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے شائقین کو حراست میں لے سکتے ہیں اور اگر مسئلہ سنگین ہوا تو کلبز کو بھی سزا مل سکتی ہے۔
ارجنٹائن کے قوانین میں بھی مقامی کرنسی کو پھاڑنا یا نذر آتش کرنا ممنوع ہے۔ اگر کوئی مقامی شخص بھی ایسا کرے تو اسے قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران ارجنٹائن میں سالانہ افراطِ زر کی شرح بڑھی ہے۔ رواں سال کے اوائل میں ارجنٹائن میں مہنگائی کی شرح 100 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ 90 کی دہائی کے اوائل میں ہائپر انفلیشن کے بعد ایسا پہلی بار ہوا تھا۔
ارجنٹائن میں جون کے دوران مہنگائی کی شرح 115.6 فیصد رہی تھی۔ جبکہ ایکسچینج ریٹ میں بھی ملک کی کرنسی ڈرامائی گراوٹ کا شکار ہے۔
سنہ 1992 میں ملک نے اپنی کرنسی نوٹوں کو ایک ڈالر کے برابر قرار دیا تھا جسے 2001 اور 2002 میں مالی بحران کے باعث ختم کرنا پڑا۔
معاشی بحران نے ملک میں سیاسی افراتفری بھی پیدا کی ہے۔ گذشتہ موسم گرما کے دوران ارجنٹائن نے چار ہفتوں میں تین وزیر خزانہ تبدیل کیے۔
مارچ 2022 میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے ارجنٹائن کے لیے 30 مہینوں پر محیط 44 ارب ڈالر کا قرض پروگرام منظور کیا تھا۔
Comments are closed.