راولپنڈی: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اداروں کیخلاف زبان استعمال کرنیوالے منہ کے بل گریں گے، الیکشن کے قریب ن لیگ کی نئی الائنمنٹ ہوگی، انتخابات میں سوا سال رہ گیا ہے، ن لیگ کو 2 کے بجائے 3 گروپس میں دیکھ رہا ہوں، طور خم بارڈر کھلا ہے، چمن پر تھوڑا مسئلہ ہے جسے ٹھیک کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست میں چار ماہ بہت اہم ہیں، پاکستان بڑے حساس وقت سے گزر رہا ہے، سیاستدان مغرب کی طرف دیکھ رہے ہیں، سیاست مشرق سے طلوع ہو رہی ہے، یہ وقت پگڑیاں اچھالنے کا نہیں، بلکہ سنجیدہ سیاست کا وقت ہے، خدانخواستہ افغانستان میں کوئی بحران پیدا ہوا ہم تو بھی متاثر ہوں گے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ اداروں کیخلاف زبان استعمال کرنیوالے منہ کے بل گریں گے، الیکشن کے قریب ن لیگ کی نئی الائنمنٹ ہوگی، انتخابات میں سوا سال رہ گیا ہے، ن لیگ کو 2 کے بجائے 3 گروپس میں دیکھ رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ میں وہ سیاستدان نہیں جو کہوں مہنگائی نہیں ہے، عمران خان کی قیادت میں مہنگائی پر قابو پائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر کھلا ہے، چمن بارڈر پر کچھ مسئلہ ہے، اسے بھی ٹھیک کریں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں نئے تعمیر شدہ پوسٹ گریجویٹ بلاک کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ خواتین کی تعلیم میں راولپنڈی پاکستان میں سب سے آگے ہے، رواں ماہ وزیراعلی وقارالنسا یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے قبضہ چھڑوا کر کالجز بنائے، ہم نے ہر بیٹی کو تعلیم کی سہولت اس کے گھر تک پہنچائی۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں تعلیم کے بعد صحت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، راولپنڈی طالبات کی تعلیم کے لحاظ سے پاکستان میں نمبر ون ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نالہ لئی کا افتتاح بھی عنقریب ہوجائے گا، نالہ لئی کے افتتاح کے بعد سیاست کو خیرباد کہوں گا، کسی اور کو بھی سیاست میں آنے کا موقع دینا چاہیے، طاقتور کمزور اور کمزور طاقتور ہو میری زندگی کا مشن ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ زندگی نے مہلت دی تو ایک نئی آئی ٹی یونیورسٹی بناؤں گا، تعلیم کے بعد اسپتالوں کا منصوبہ شروع کروں گا، شہر کے اسپتالوں کو بہتر بنائیں گے، مری روڈ پر ایک بلڈنگ کو انٹرمیڈیٹ کالج میں بدل رہے ہیں، ہم نے تعلیم کیلئے جو خواب دیکھا تھا اس کی مثبت تعبیر ہوئی۔
Comments are closed.