بدھ 21؍محرم الحرام 1445ھ9؍اگست 2023ء

آغا خان یونیورسٹی کا ایم بی بی ایس داخلہ ٹیسٹ دوبارہ لینے کا اعلان

پاکستان کے سب سے معروف میڈیکل ادارے آغا خان یونیورسٹی کے میڈیکل کالج نے ایم بی بی ایس سال اول کے داخلہ ٹیسٹ طلبہ کی شکایت کے باعث منسوخ کرکے دوبارہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

آغا خان یونیورسٹی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیسٹ منسوخ کر کے دوبارہ لیے جا رہے ہیں۔

آغا خان یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق داخلہ ٹیسٹ اتوار کو ہوئے تھے۔ ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ آغا خان یونیورسٹی اتوار، 6 اگست 2023 کو میڈیکل کالج، پاکستان میں اپنے ایم بی بی ایس پروگرام کے لیے ہونے والے سالانہ انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے جاری گفتگو سے آگاہ ہے۔ 

انصاف اور تعلیمی فضیلت کے لیے ہمارے عزم کو برقرار رکھنے کے لیے، آغا خان یونیورسٹی نے ایم بی بی ایس پروگرام، 2023-2024 تعلیمی سال کے لیے داخلہ ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

نظرثانی شدہ داخلہ ٹیسٹ ہفتہ 19 اگست 2023 کو ہوگا، ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ہم اپنے پروگراموں میں دلچسپی کے لیے اپنے تمام درخواست دہندگان کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے، انہوں نے کہا یہ فیصلہ بہت غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے۔

آغا خان یونیورسٹی میں ہم طلباء کو اعلیٰ ترین معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے وقف ہیں۔ ہم تمام درخواست دہندگان سے نظرثانی شدہ ٹیسٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ آغا خان میڈیکل کالج کی ایم بی بی ایس کے لیے 100 نشستیں مختص ہیں جب کہ اس کا شمار ملک کے سب سے مہنگے نجی میڈیکل کالج میں ہوتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.