پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سابق صدر آصف زرداری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے کل آئین اور جمہوریت کے ساتھ جو کھیل کھیلا ہے، اس نے پاکستان کی جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو جمہوری روایات کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا ہے۔
انہوں نے آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کرنے پر کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں دفن ہوچکی ہے، اب پیپلز پارٹی صرف ن لیگ کی ذیلی تنظیم بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔
تاہم ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے خط کو پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے ق لیگ کے ارکان کو حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی تھی۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اس خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جتنے بھی ووٹ ق لیگ کے کاسٹ ہوئے ہیں وہ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔
Comments are closed.