قومی احتساب بیورو نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیویارک امریکا میں مبینہ پراپرٹی کی تحقیقات شروع کردی۔
نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ مین ہیٹن نیو یارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے جو پاکستان میں ظاہر نہیں کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ بظاہر یہ اپارٹمنٹ خریدنے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئیں۔
آصف زرداری کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس عامر فاروق کیس کی سماعت کریں گے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نیب نے نوٹس بھیجا اور معلومات طلب کیں، جواب دینے کیلئے نیب سے وقت دینے کی استدعا کی کہ معلومات اکٹھی کرسکوں۔
درخواست گزار نے کہا کہ نیب کی جانب سے مجھے نشانہ بنائے جانے کی ایک تاریخ موجود ہے، مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوں، اپنے ڈاکٹروں سے علاج کروا رہا ہوں۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کی جائے، نیب تفتیشی کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس غیر قانونی قرار دیا جائے۔
Comments are closed.