پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دورۂ آسٹریلیا میں بابر بمقابلہ اسمتھ اور اسٹارک بمقابلہ شاہین مداحوں کی توجہ کا مرکز ہو گا۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے متعلق سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور اسٹیو اسمتھ دونوں ہی عالمی معیار کے بلے باز ہیں، بینو قادر ٹرافی میں ان دونوں کھلاڑیوں کو لائیو ایکشن میں دیکھنا نوجوان کرکٹرز کے لیے بہترین موقع ہو گا۔
سرفراز احمد نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی اور مچل اسٹارک بہترین بولرز ہیں جو کسی بھی وقت مخالف ٹیم کو پریشان کر سکتے ہیں، شاہین آفریدی نے گزشتہ سیریز میں ڈیوڈ وارنر کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور اس مرتبہ بھی فینز شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کا ٹاکرا دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہیں، 2 مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے، یہاں سیکھنے کا بہت موقع ملتا ہے۔
سرفراز احمد نے یہ بھی کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستان کرکٹ ٹیم کے فینز ہمیشہ پاکستان ٹیم کی حمایت کرتے ہیں، یقین ہے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی فینز بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 14 دسمبر سے شروع ہو گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں شیڈول ہے۔
Comments are closed.