وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے انسانی حقوق کی آواز بننے والے پاکستان کے معروف صحافی آئی اے رحمان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہم صحافتی میدان کے ایک درخشندہ ستارے سے محروم ہوگئے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے نامورصحافی آئی اے رحمان کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور جمہوری قدروں کے فروغ میں آئی اے رحمان کے روشن کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شبلی فراز نے کہا کہ اللّہ تعالی آئی اےرحمان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی انسانی حقوق کے علمبردار آئی اے رحمان کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اُن کی خدمات کو سراہا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مرحوم آئی اے رحمان نے صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں اور وہ اپنے شعبے میں قائد کی حیثیت رکھتے تھے۔
صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ صحافت اور انسانی حقوق کے شعبے میں مرحوم کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اللّہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ اور اہلِخانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی صحافی آئی اےرحمان کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیا۔
صادق سنجرانی نے آئی اے رحمان کی صحافت کیلئے خدمات اور انسانی حقوق کے مسائل اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی آئی اے رحمان کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار آئی اے رحمان کی شخصیت جیسی کوئی مثال نہیں۔
ایچ آر سی پی کی جانب سے کہا گیا کہ ایچ آر سی پی سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آئی اے رحمان رہنمائی کا مستقل ذریعہ رہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ آئی اے رحمان کی خواہش کے مطابق ان کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔
Comments are closed.