ڈائریکٹر مرکز منہاج القرآن حضرت علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا ہے کہ آج کل کے نفسہ نفسی کے دور میں میلاد کی محفلیں سکونِ قلب کا باعث بنتی ہیں۔
محفل میلادِ مصطفیٰﷺ کی تقریب میں معروف عالم دین مفتی محمد رضوان یوسفی اور علامہ محمد وقاص خالد سمیت معروف نعت خواں ثاقب الرحمٰن اور بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام سینئر پاکستانی ملک یونس کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر علامہ شکیل ثانی نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے بندوں سے 70 ماؤں سے زیادہ محبت کرتا ہے لہٰذا ہر مسلمان کو اپنے گناہوں سے توبہ اور زیادہ سے زیادہ اللّٰہ کی رحمت پر یقین ہونا چاہیے۔
علامہ شکیل ثانی نے کہا کہ ہر مسلمان کو سچا عاشق رسول ﷺ بننے کے لیے بھرپور کوششیں کرنی چاہییں، جتنا زیادہ درود شریف کا ورد کرسکیں اتنا ہمارے لیے بہتر ہے۔
اس موقع پر معروف عالم دین مفتی رضوان یوسفی نے کہا کہ مسلمانوں کو جاپان جیسے ملک میں اپنے عمل اور کردار سے دینِ اسلام کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کے دل میں سب سے زیادہ محبت اللّٰہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے ہونی چاہیے اور یہ محبت ہی اس کی بخشش کی ضمانت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان حاجی ملک محمد یونس نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں جو کچھ دیا ہے وہ سب سرکار مدینہ کے صدقے سے ملا ہے اور جس کو اللّٰہ تعالیٰ نے مال و دولت سے نوازا ہے اس میں غریبوں کا حصہ بھی لازمی رکھیں کیونکہ آپ کو دی ہوئی دولت آپ پر آزمائش بھی ہے کہ آپ اس دولت میں سے اللّٰہ کے بندوں کی کس طرح مدد کرتے ہیں۔
شرکا سے اپنے خطاب میں سینئر پاکستانی شیخ عامر نے کہا کہ دنیا کا کامیاب ترین انسان سچا عاشق رسولﷺ ہی ہو سکتا ہے جسے دنیا بھی ملے گی اور آخرت بھی۔
اس موقع پر نعت خواں ثاقب الرحمٰن نے خوبصورت نعت خوانی بھی کی۔
تقریب کے آخر میں اس دنیا سے رخصت ہوجانے والے دوستوں، عزیزوں اور اہل خانہ کی مغفرت کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
Comments are closed.