جمعرات 10؍رجب المرجب 1444ھ2؍فروری 2023ء

آئی ایم ایف کا ٹاسک فورس قائم کرنے کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں، پاکستان میں کرپشن کی روک تھام اور مؤثر احتساب کا معاملہ زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ٹاسک فورس کے قیام سے متعلق وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، ٹاسک فورس کے قیام کے لیے جنوری 2023ء کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

ٹاسک فورس کا مقصد نیب سمیت اینٹی کرپشن محکموں کے فریم ورک پر نظرِ ثانی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کے لیے ان اداروں کو زیادہ مؤثر بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔

آئی ایم ایف نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران اور ان کے اہلِ خانہ کے اثاثے ڈکلیئر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطالبات کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اثاثوں تک رسائی کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایف بی آر مل کر کام کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.