بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یوم پاکستان پریڈ کی تقریب میں شاندار فلائی پاسٹ

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ   کی تقریب شکر پڑیاں گراؤنڈ میں منعقد کی گئی۔

پریڈ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا گیا۔شیردل ٹیم نےخوبصورت فارمیشنز سے آسمان پر رنگ بکھیر دیئے، تینوں مسلح افواج کے دستوں اورجوانوں نے دفاعی اور فوجی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

تقریب میں تمام صوبوں کی جھلک نمایاں ہے۔ پریڈ کی تھیم ’ایک قوم اور ایک منزل‘ مختلف رنگوں میں نظر آیا۔

آرمرڈ کورمیں شامل ٹینکوں، توپ خانوں پر مشتمل دستوں نے بھی سلامی دی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سمیت وزیر دفاع پرویز خٹک  یوم پاکستان کی پریڈ میں شریک ہوئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر عارف علوی تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پریڈ میں شرکت نہیں کی۔

وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

پریڈ گراؤنڈ کے اندر جانے اور وہاں سے باہر جانے پر پابندی رہی، پریڈ دیکھنے والے تمام افراد کو فیس ماسک فراہم کیے گئے، درجہ حرارت کی جانچ کے لیے ٹمپریچر گنز استعمال کی گئیں، داخلی دروازوں پر ہینڈ سینیائٹرز فراہم کیے گئے، سماجی دوری کویقینی بنایا گیا، پریڈ کے مختلف سیگمنٹس کو ظاہر کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکرینیں لگائی گئیں۔

پریڈ میں ترک فوجی بینڈ، بحرین، فلسطین، عراق، سری لنکا اور ترکی کے پیراٹروپرز نے خصوصی شرکت کی، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ عیسیٰ بن خلیفہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے صدر مملکت عارف علوی کو لکھے خط میں یومِ پاکستان پر مبارکباد دی ہے۔

کمانڈر یو کےاسٹریٹجک کمانڈ سرپیٹرک سینڈرز نے بھی پریڈ کا معائنہ کیا، چیف آف ڈیفنس اینڈ کمانڈر سری لنکن آرمی نے بھی پریڈ کا معائنہ کیا۔

پریڈ کے اسکرپٹ کا آغاز تحریک پاکستان سے ہوا، قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، ہنگو کے اعتزاز حسن کی طرح  دہشتگردی کےخلاف جنگ میں جان کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں مقبوضہ کشمیرکی کم سن پیلٹ گن متاثرین حبا نثار اور آصفہ بانو کو خراج تحسین پیش کیا گیا، نواب سراج رئیسانی، ہارون بلور اور شجاع خانزادہ کو ہمت وعزم کی علامت کےطور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پریڈ کا اہم حصہ پرائیڈ آف پاکستان انکلوژر تھا، انکلوژر میں ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے اپنے شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مختلف فلوٹس پر پاکستان کے تشخص کی احسن انداز میں عکاسی کی گئی۔

 پریڈ میں ڈھول پارٹی نے مختلف دھنوں سے تمام علاقوں کی نمائندگی کی،خواتین ڈھولچی ڈھول پارٹی کا اہم حصہ تھیں۔

پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے: صدر عارف علوی

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف علوی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جارحیت کا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔ اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔

یوم پاکستان پریڈ سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی جیسے فورم کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا افغانستان میں امن کےلیے پاکستان کی کوششوں کی معترف ہے۔ کورونا وبا پر جلد قابو پالیں گے۔ ہمیں زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔

پریڈ میں دفاعی اور فوجی طاقت کا بھرپورمظاہرہ کیا جارہا ہے، سول ، فوجی قیادت اور غیر ملکی شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں قائداعظم کی جانب سے وضح کیے گئے ’اتحاد، ایمان اور تنظیم‘ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

تقریب میں سندھ، پنجاب، بلوچستان ،خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود  نے شرکت کی، پریڈ میں قوم کا نام روشن کرنیوالوں کیلئے خصوصی پیغامات دیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں آج موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی جبکہ پریڈ گراؤنڈ کی طرف آنیوالے راستے بند بھی بند کردیے گئے تھے۔

پریڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پاکستان کے جدید ترین دفاعی نظام کی نمائش ہوئی، آرمرڈ کور میں شامل ٹینکوں، توپ خانوں، پاکستانی ساختہ بغیر پائلٹ اڑنے والے طیاروں، میزائلوں، جدید اسلحہ کی نمائش کی گئی ۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں خراب موسم کی باعث 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی پریڈ کو ملتوی کرکے 25 مارچ کو ری شیڈول کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.