وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ چیئرمین کی نامزدگی چھوڑ دینی چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم اور نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو مشورہ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی، ان کے بیٹے اور پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن پر اربوں روپے لگائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قوم نے دیکھا کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے لوگوں کو خرید رہے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی یہ نہ بتائے کہ اخلاقیات کی بات کر رہے ہیں، ہم نے اس سے پہلے بھی 20 ارکان نکالے تھے۔
شبلی فراز نے استفسار کیا کہ ہم ہارگئے تو ٹھیک ہے اور ہمیں اعتماد کا ووٹ ملا تو وہ متنازع ہوگیا؟ یہ کس نے کہہ دیا کہ اپوزیشن کو اکثریت حاصل ہے؟
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لیے کل سیاسی ہزیمت ہوئی، یہ بغلیں بجارہے تھے کہ اعتماد کا ووٹ نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کل اعتماد اور جوش جذبے سے ہمارے ارکان اور اتحادی موجود تھے۔
پارلیمنٹ کے باہر پیش آئے واقعے پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کل مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ورکرز کو اشتعال دلایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے نتائج میں بھی 7 ووٹ مسترد ہوئے اور وہ 5 ووٹ سے جیتے۔
Comments are closed.