جمعہ20؍ رجب المرجب 1442ھ 5؍مارچ2021ء

کم قیمت مکان غریب عوام کے لیے بڑی خوش خبری ہے، فواد چوہدری

کم قیمت میں مکان کی تعمیر نامساعد حالات رکھنے والوں کے لیے بڑی خوش خبری ہے، جامعہ این ای ڈی کا سینٹر فار افورڈیبل ہاؤسنگ اینڈ سسٹینیبل بلٹ انوائرمنٹ وزیراعظم پاکستان کے وژن کی معاونت کر رہا ہے، جس سے عوام کو رہنے کی بہتر سے بہتر سہولتیں میسر آتی رہیں گی۔

اِن خیالات کا اظہار وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین پرائم منسٹر ہاؤسنگ ٹاسک فورس ضیغم رضوی، چیئرمین اے آر این زیڈ سید ذکاء الدین اور سی ای او ایچ ایچ ٹیکنو فیب علمدار حسین نے جامعہ این ای ڈی کے تحت افورڈیبل لو کاسٹ ماڈل ہوم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ 

تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آن لائن پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کم قیمت میں مکان کی تعمیر نامساعد حالات رکھنے والوں کے لیے بڑی خوش خبری ہے، افورڈیبل ماڈل ہوم جامعہ این ای ڈی، اے آر این زیڈ ورلڈ وائڈ کینیڈا اور ایچ ایچ ٹیکنو فیب کی یہ کاوش قابل تعریف ہے جس سے غریب عوام کو بہتر زندگی دی جاسکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ این ای ڈی کا سینٹر فار افورڈیبل ہاؤسنگ اینڈ سسٹینیبل بلٹ انوائرمنٹ وزیراعظم پاکستا ن کے وژن کی معاونت کر رہا ہے جس سے عوام کو رہنے کی بہتر سے بہتر سہولتیں میسر آتی رہیں گی۔

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے جرسی پری کاسٹ چیئر (جے پی سی) پروفیسر ڈاکٹر شعیب احمد کا کہنا تھا کہ جامعات کی سطح پر یہ پہلا ماڈل گھر ہے جو لائٹ گیج اسٹیل سے تعمیر کیا گیا ہے جو لوکل انڈسٹری، لوکل مٹیریل سے بنا ہے اور اس کی مینوفیکچرنگ بھی پاکستان کی ہے جبکہ اس کی تعمیر قریباً ایک ماہ میں ممکن ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پرائم منسٹر ہاؤسنگ ٹاسک فورس ضیغم رضوی نے نیا پاکستان افورڈیبل ہاؤسنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ 

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ این ای ڈی پہلی جامعہ ہے جس نے افورڈیبل ہاؤسنگ اینڈ سسٹینیبل بلٹ انوائرمنٹ کے لیے ”سینٹر“ بنایا جبکہ لائٹ گیچ اسٹیل سے بنے اس مکان کی ناصرف قیمت قابلِ خرید ہے بلکہ اس کی تعمیر بھی ایک ماہ میں ممکن ہونا ایک ناقابلِ یقین کارنامہ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.