کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار سگنل پر گاڑی میں لگی آگ چند سیکنڈ میں بجھانے اور شہری کی زندگی بچانے والے فیریئر ٹریفک سیکشن کے انچارج سمیت 4 ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا کی جانب سے نقد انعام اور سی سی سیکنڈ سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ حادثہ جمعرات 25 مارچ کی دوپہر 11 بجے پیش آیا تھا جب کلفٹن کی طرف جانے والی ہائی روف گاڑی خیابان اقبال کے تین تلوار پر سگنل پر رُکی تو اس میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی۔
آگ کے شعلے دیکھ کر وہاں ڈیوٹی پر موجود سیکشن افسر سب انسپکٹر محمد اکرم کی نگرانی میں پولیس اہلکاروں نے بیک جنبش کارروائی کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہکاروں نے پینے کے لیے کولر میں رکھے پانی کی مدد سے چند سیکنڈ میں گاڑی کی آگ بجھائی۔
اس دوران ٹریفک سیکشن انچارج محمد اکرم، ہیڈ کانسٹیبل اختر زمان، محمد شاکر، محمد صدیق اور دیگر اہلکاروں نے گاڑی میں سوار شہری کو باحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر بٹھایا اور آگ بجھانے کے بعد گاڑی کو دھکا لگا کر ایک طرف کر دیا۔
اس دوران پولیس اہلکاروں نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھا۔
ویڈیو سامنے آنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی ہدایت پر ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے چھان بین کے بعد ہنگامی امداد کی کارروائی کی ویڈیو میں نظر آنے والے سیکشن افسر اور دیگر پولیس اہلکاروں کے لیے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
Comments are closed.